گلوکار نعمان جاوید کا ڈپریشن، خودکشی کی کوشش اور روحانی بیداری سے متعلق حیران کن انکشاف

معروف گلوکار اور موسیقار نعمان جاوید نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے سب سے کٹھن اور تلخ دور سے متعلق دل دہلا دینے والے انکشافات کیے۔
نعمان جاوید نے بتایا کہ انہیں کچھ عرصہ قبل معلوم ہوا کہ وہ کلینیکل ڈپریشن کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق، بچپن میں ان کے ذہن میں ایک مثالی، کتابی دنیا کی تشکیل ہوئی تھی، مگر عملی زندگی میں قدم رکھنے پر انہیں شدید ذہنی تضاد کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کو بہتر بنانے اور دوسروں کو "صحیح راستہ” دکھانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن ناکامی اور ردعمل نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ ایک ایسی دنیا کے لیے لڑ رہے تھے جو حقیقت میں وجود ہی نہیں رکھتی۔
نعمان جاوید نے انکشاف کیا کہ 2016 میں وہ شدید ذہنی دباؤ اور ذاتی مشکلات کے باعث خودکشی کی کوشش کر چکے ہیں۔ ایک دن جب وہ ٹی وی پر کراچی میں ایک شخص کو اپنی پانچ سالہ بیٹی سمیت زندہ جلائے جانے کی خبر دیکھ رہے تھے، تو جذباتی طور پر اس قدر ٹوٹ گئے کہ زندگی سے مایوس ہو گئے۔
انہوں نے کہا:
"میں جانتا تھا کہ خودکشی دین میں حرام ہے، لیکن اس وقت میں مکمل طور پر ٹوٹ چکا تھا، اور یہی واحد راستہ نظر آ رہا تھا۔”
نعمان جاوید نے مزید کہا کہ اللہ نے انہیں زندگی دی، اور اس واقعے کے بعد ان کی زندگی میں روحانی بیداری آئی، جس کا آغاز نماز کی باقاعدگی سے ہوا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اب بھی ذہنی مسائل سے مکمل طور پر باہر نہیں نکلے، لیکن وہ بہتر زندگی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔














